لاہور : پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس پروگرام کے حوالے سے ایک جامع پلان طلب کر لیا ہے۔
مریم نواز نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مالی خود مختاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ کھیلوں کے شعبے کی ترقی میں مزید پیش رفت ہو سکے۔
اسی طرح، صوبے میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس حوالے سے بھی ایک جامع پلان طلب کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے لیے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے اور خواتین کھلاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کے مساوی مواقع دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی تعطل نہ آئے۔