وزیراعظم نےعوام سے بجلی سستی کاوعدہ پوراکردکھایاہے،عطاتارڑ

03:46 PM, 6 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عوامی حمایت سے مشکل اور درست فیصلے کیے، اور سیاست نہیں بلکہ ریاست کو بچایا۔ اپنے حلقہ این اے127 میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک ایک دن کو عوام کی امانت سمجھ کر گزارتے ہیں اور ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کریں گے، اور آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔ مہنگائی کو ایک سال کے اندر سنگل ڈیجٹ پر لایا گیا، اور یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی سے بیروزگاری کم ہوگی اور ہم سب مل کر اس ملک کو عظیم بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان کے مالیاتی ادارے آج پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور تمام معاشی اشاریے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت اڑان بھر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کے لیے مزید خوشخبریاں آئیں گی اور ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔

مزیدخبریں