لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے تمام میچز کے لیے شائقین کا داخلہ بلکل مفت ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کا آغاز 9 اپریل سے ہوگا، اور یہ ٹورنامنٹ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں مجموعی طور پر 8 میچز منعقد ہوں گے۔ پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ آئرلینڈ کے خلاف 9 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گی، جبکہ دوسرا میچ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 11 اپریل کو اسی میدان پر ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس اعلان کے بعد شائقین کرکٹ کو یہ ایک سنہری موقع ملے گا کہ وہ ویمنز کرکٹ کے اس بڑے ایونٹ کو مفت دیکھ سکیں۔ اس اعلان کا مقصد ویمنز کرکٹ کے فروغ کو مزید تقویت دینا اور شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہ راست میدان میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔