ممبئی/اسلام آباد : بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کی تصدیق کر دی ہے۔
دی گارڈین نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو قتل کروایا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دی گارڈین کی رپورٹ پر رد عمل میں ریاستی دہشت گردی کا اعتراف کر لیا۔
انڈین ٹی وی نیوز نیٹ ورک نیوز 18 کو انٹرویو کے دوران دیا گیا بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی طرف سے پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کو مارنے کا بیان درحقیقت ریاستی دہشت گردی کا اعتراف ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کی گیدڑ بھبکیاں درحقیقت جرائم کا اعتراف ہے۔
پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 25 جنوری 2024 کو پاکستان نے بھارتی دراندازی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزیر دفاع کے ریمارکس کے رد عمل میں کہا کہ یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعوی واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے ،عالمی برادری کو بھارت کے ان گھنائونے اورغیر قانونی اقدامات پر اس کا محاسبہ کرنا چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے ، فروری 2019 کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑا تھا ، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعووں کو بے نقاب کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انتخابی فائدے کے لیے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔