پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی پولیس گاڑی پرفائرنگ سے ڈی ایس پی گل محمد خان سمیت ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی گل محمد خان رات گئے معمول کی گشت پر تھے کہ پہلے سے موجود نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، گولیاں لگنے سے گاڑی میں موجود ڈی ایس پی اور گن مین کانسٹیبل نسیم گل سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی گل محمد خان اور گن مین کو زخمی حالت میں سرائے نورنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
خیبرپختونخوا پولیس نے سماجی رابطے کی ویبسائٹس پر اس حوالے سے پیغام دیتے ہوئے پوسٹ کیا کہ لکی مروت میں دہشت گردوں نے رات کی تاریکیوں میں ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملہ کیا تھا ۔
لکی مروت : منجیوالہ چوک کے قریب رات کی تاریکی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی لکی گل محمد خان اور گن مین کسنٹیبل نسیم گل شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔ pic.twitter.com/MdG9uNkjPn
— KP Police (@KP_Police1) April 6, 2024
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، حملہ آور دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔