بیجنگ : سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے 7 برس بعد چین میں اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پروازیں بحال اور شہریوں کو ویزا کی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی طرف سے پروازیں بحال کرنے اور عمرہ کے لیے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پروازیں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ریاض اور تہران میں سفارت خانے جبکہ جدہ اور مشہد میں قونصلیٹ بحال کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ دونوں ممالک نے سرکاری اور نجی شعبوں کے حکام کے دوروں کے ذریعے تعلقات کی دوبارہ بحالی پر بھی زور دیا۔
مشترکہ بیان میں خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے باہمی اعتماد کو بڑھانے اور تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے معاہدے کو فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
تعلقات کی تجدید کے معاہدے پر سعودی قومی سلامتی کے مشیر موسیٰ بن محمد العیبان اور ایرانی سیکیورٹی اہلکار علی شمخانی کی طرف سے دستخط کیے گئے۔