قاہرہ: مصر کے ایک پیراک نے ہتھکڑیاں لگا کر 11 کلو میٹر سے زیادہ پیراکی کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
31 سالہ پیراک شہاب عالم نے خلیجِ عرب کے کھلے پانیوں میں ہتھکڑیاں لگا کر 11.65 کلومیٹر پیراکی کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کیا ،شہاب عالم نے ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے تقریباً چھ گھنٹوں تک مسلسل پیراکی کی۔
شہاب عالم کا کہنا تھا کہ دورانِ ٹریننگ جب انہوں نے ہتھکڑیاں لگائی ہوتی تھیں تو ان کو مشکوک نگاہوں سے دیکھا جاتا تھا اس لیے وہ نسبتاً کم رش والی جگہوں پر پیراکی کرتے تھے اس کے باوجود ان کو اس مسئلے کا سامنا ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تکنیک میں مزید بہتری پر کام کر رہے ہیں اس لیے ممکن ہے مستقبل میں وہ اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیں ۔
یاد رہے کہ شہاب عالم سے قبل یہ ریکارڈ امریکا کے بینجامن کیٹزمن کے پاس تھا۔ انہوں نے 2021 میں 8.60 کلومیٹر پیراکی کر کے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔