حمزہ شہباز نے علامتی  وزیر اعلیٰ پنجاب بنتے ہی پرویز الہٰی کو بڑا چیلنج دیدیا

11:49 PM, 6 Apr, 2022

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور علامتی وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ  شہباز شریف نے کہاہے کہ ایوان نے  مجھے منتخب کر کے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا، ریاست مدینہ کے دعویدار ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ترین گروپ اور علیم خان گروپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، وفاق ، پنجاب میں جو تماشہ لگایا ہوا ہے وہ آئین کے خلاف کھلواڑ ہے ، ایک روپیہ بھی کرپشن کا ثابت نہیں کر سکے۔


علامتی وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا  عثمان بزدار ایس ایچ او لگانے کے بھی پیسے لیتا رہا ہے، پرویز الہیٰ صاحب ووٹ کی طاقت سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، انتظامیہ نے اگر پرویز الہی کے کہنے پر جو بھی غیر قانونی اقدام اٹھایا تو اس کا حساب ہو گا، سپریم کورٹ سے کہنا چاہتا ہوں عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، اپنی ذاتی انا کی خاطر آئین و قانون کو پیروں تلے روندا گیا۔

پنجاب اسمبلی کو خاردار تاروں سے سیل کرنے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ اسمبلی کے اجلاس میں حمزہ شہباز 199 ووٹ لے کر پنجاب کے علامتی وزیراعلی منتخب ہوگئے ہیں۔متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، مریم نواز اور دیگر ارکان بس میں سوار ہوکر ہوٹل پہنچے جہاں پر حمزہ شہباز کے وزارت اعلی کے امیدوار کی قرارداد اکثریت سے منظور کر لی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی جانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ مقامی ہوٹل پہنچیں، اجلاس میں حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلی 199 ووٹ ملے جبکہ پینل آف چیئرمین کا ایک ووٹ پلس ہوا، مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں پڑا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل کی رکن شازیہ عابد نے کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی تمام خواتین ارکان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں مریم نواز شریف جذباتی ہوگئیں اور حمزہ شہباز کو ان کی نشست پر جا کر گلے لگا کر مبارک باد دی۔

مزیدخبریں