عثمان بزدار نے بشریٰ بی بی اور فرح خان بارے الزامات مسترد کر دئیے

عثمان بزدار نے بشریٰ بی بی اور فرح خان بارے الزامات مسترد کر دئیے

لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خاتون اول بشریٰ بی بی اور ان کی دوست فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں، پنجاب میں تقرر و تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔


ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا ’منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ جب سیاسی میدان میں مات کھائیں تو بلیک میلنگ کیلئے اپنے حریفوں اور اداروں پر بے سروپا الزامات لگانے لگ جاتے ہیں۔ سیاسی میدان میں شکست خوردہ عناصر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر اپنی خفت نہیں چھپا سکتے۔ 


واضح رہے کہ پنجاب کے سابق سینئر وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فرح خان تقرر وتبادلوں کے عوض بھاری رقوم بٹورتیں، انہوں نے کئی بار شکایات بھی کیں، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی کہہ چکی ہیں کہ فرح خان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فرح گجر باہر گئی نہیں بلکہ انہیں عمران خان نے بھگایا ہے۔ 
دوسری جانب فرح خان 3 اپریل کو صبح ہی دبئی روانہ ہو گئیں جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل31 مارچ کو ہی امریکہ جا چکے ہیں اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ 

مصنف کے بارے میں