پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

01:30 PM, 6 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے جس کے باعث وہ اجلاس طلب کرنے کے مجاذ نہیں رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد وزیراعظم پاکستان عمران خان کی منظوری کے بعد جمع کرائی گئی ہے اور اس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءمیاں محمود الرشید اور پی ٹی آئی کے دیگر ارکان پنجاب اسمبلی کے دستخط ہیں۔ 
نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے تحریک عدم اعتماد آج صبح سیکرٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے مجاذ نہیں رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کیخلاف یہ تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے تنازعہ کے بعد جمع کرائی گئی ہے جبکہ ان کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے راستے جدا ہونے کے امکانات میں پہلے ہی اضافہ ہو چکا ہے۔ 
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے ریمارکس دیئے تھے جس پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری نے رات گئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا اور اجلاس طلب کر لیا مگر ترجمان اسمبلی زین علی نے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس 16 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست مزاری گزشتہ روز وزیر اعظم کی طرف سے بلائے جانے والے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، جبکہ وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے وقت گورنر ہاﺅس سے چند قدم دور واقع اپنے گھر میں ہی تھے۔
یاد رہے کہ دوست مزاری نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل نے اجلاس آج ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی اور میں نے اپنے وکیل سے مشورے کے بعد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

مزیدخبریں