لاہور: ماہ رمضان میں معدے میں تیزابیت اور سینے میں جلن کی شکایت سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو چند عادات میں تبدیلی لائیں اور کچھ نئی عادات اپنا لیں۔
معدے کی تیزابیت اور سینے میں جلن کی متعدد وجوہات ہوتی ہیں تاہم رمضان المبارک کے مہینے میں ان شکایات میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی بنیادی وجہ سحری اور افطاری میں کھانے کی عادات کا طریقہ کار ہے ۔ عام طور پر لوگ سحری اور افطاری میں ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں اور تلی ہوئی غذا کا بھی عام دنوں کی نسبت زیادہ استعمال کر تے ہیں جو بد ہضمی کا باعث بنتی ہے اور معدے میں تیزابیت اور سینے کی شکایات سامنے آتی ہیں۔تاہم چند بنیادی باتوں کا خیال رکھ کر اس سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ۔
خوراک کی مقدار اور طریقہ کار
طبی ماہرین کے مطابق ماہ رمضان میں ضرورت سے زیادہ خوراک معدے میں تیزابیت یا سینے میں جلن کا باعث بنتی ہے جبکہ کھانا کھاتے ہوئے کھانے کو کم چبانے سے بھی ان شکایات کا سامنا ہوتا ہے اس لیے ہمیں خوراک کی مقدار کم کرنے کے ساتھ کھانے کو دیر تک چبا کر کھانا چاہیے جبکہ روزانہ ورزش کی عادت بھی اپنانی چاہیے۔
ادرک کی چائے
ادرک نظام انہضام کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہے جو معدے کی تیزابیت کو ختم کرنے کا جادوئی اثر رکھتی ہے۔
روزانہ ایک کپ پانی میں ادرک کا ٹکڑا ڈال کر ابالنے کے بعد اس میں لیمو کے چند قطرے اور شہد ملا کر پینے سے معدے کی تیزابیت، بد ہضمی اور سینے میں جلن سے چھٹکارا ممکن ہے۔
سونف کا استعمال
اگر آپ کو معدے میں تیزابیت اور سینے میں جلن رہتی ہے تو اس کے لیے سونف کا استعمال انتہائی مفید ہے، ہر کھانے کے بعد اگر ایک چمچ سونف کو اچھی طرح چبا کر کھایا جائے تو افاقہ ہو گا۔
لیمو پانی
لیمو سینے کی جلن اور معدے کی تیزابیت کو کم کرنے میں بے حد مددگار ثابت ہوتا ہے، روزانہ ایک گلاس گرم پانی میں لیمو نچوڑ کر پینا معدے کے لیے معاون ہوگا۔