کویت سٹی : کویت کی حکومت اپنے خلاف پیش کردہ پارلیمانی عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ سے پہلے ہی مستعفی ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویتی حکومت کے سربراہ اور ملکی وزیر اعظم کے خلاف پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک پر رائے دہی آج 6 اپریل کو ہونا تھی تاہم حکومتی ارکان نے ووٹنگ سے 24 گھنٹے قبل ہی اپنے استعفے جمع کرا دیے۔
کویتی وزیراعظم شیخ صباح الخالد ملک پر حکمران الصباح خاندان ہی کے رکن ہیں اور وہ 2019ء سے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز تھے۔ انہیں کویتی کابینہ کے سربراہ کے طور پر یکے بعد دیگرے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جن میں حزب اختلاف کے پارلیمانی اراکین کی طرف سے مبینہ کرپشن سمیت کئی معاملات پر کیے جانے والے سوالات بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ حکومت کا مستعفی ہوجانا ایک ایسے طویل سیاسی تنازعے کا نتیجہ ہے جس کے باعث خلیج کی تیل پیدا کرنے والی اس عرب ریاست میں مالیاتی اصلاحات کے عمل کو مسلسل رکاوٹوں کا سامنا تھا۔