لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ کیلئے ٹیم میں دو سے تین تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شاداب خان کے متبادل سمیت ٹیم کمبی نیشن کیلئے جو تبدیلی ضروری ہوئی کریں گے، مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، سینچورین اور وینڈررز کی وکٹیں جنوبی افریقی کنڈیشنز کی حقیقی ترجمانی کرتی ہیں اور ان وکٹوں پر ہمارے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کا سنچری بنانا بہت خوش آئند ہے۔
ہیڈکوچ نے باؤلرز کی کارکردگی کے حوالے سے اس یقین کا اظہار کیاہے کہ ہمارے باؤلرز تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بہترین کم بیک کریں گے، ڈریسنگ روم کا ماحول بہت حوصلہ افزاءہے، لڑکے سیریز جیتنے کیلئے پرامید ہیں، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اس ٹیم کیلئے ہر جیت بہت اہم ہے۔