راولپنڈی ، عدالت میں ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرنے پر خاتون نے سول جج کو ہینڈ پرس مار دیا ۔
تفصیلات کے مطابق سول جج کی عدالت میں مشتعل خاتون نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرنے پر سول جج سردار عمر حسن کو ہینڈ پرس مار دیا اورمیز پر پڑی فائلیں جج پر اچھالنا شروع کر دیں۔
خاتون نے اس موقع پرسخت جملوں کا بھی اظہار کیا جبکہ پرس لگتے ہی جج سماعت ادھوری چھوڑ کر چیمبر میں چلے گئے۔
عدالت میں سماعت کے دوران خاتون کے شور شرابہ،گالم گلوچ پر پولیس پہنچ گئی اور لیڈیز پولیس منگوا کر خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ۔ عدالتی ریڈر کی درخواست پر ملزمہ خاتون کیخلاف دہشتگردی ایکٹ اور دھمکیاں دینے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ریڈر راجہ کامران نے پولیس کو بتایا کہ مجھ سے اس خاتون نے پوچھا کہ محمد وقاص کے کیس میں کیا کارروائی ہوئی ، میں نے لسٹ چیک کر کے بتایا ملزم کی مبینہ جعلی چیک کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے، خاتون مشتعل اور آگ بگولہ ہوگئی اور کہا کہ وہ اس کیس کی مدعیہ ہے،بد تمیزی اور گالم گلوچ کی،جج کو گالیاں دینے لگی کہ ضمانت کیوں منظور کی؟