اسلام آباد: پاکستان کو جی 20 ممالک سے قرضوں کی ادائیگی میں مزید90 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک، آئی ایم ایف اس ہفتے جی 20 ممالک کو دسمبر تک قرض وصولی کے التوا کی اپیل کریں گے۔ جی 20 ممالک سے پاکستان کو تقریباً 90 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملنے کا امکان ہے جو کہ جولائی سے دسمبر 2021 تک متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جی20 ممالک کورونا سے نمٹنے کے لیے کم آمدن والے اور ترقی پذیر ممالک کے قرضے مؤخر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال صورت حال کے باعث امیر ممالک کے گروپ جی 20 نے پاکستان کے ذمے واجب الادا 1.7 ارب ڈالرز کے قرض کی ادائیگی معطل کر دی تھی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان جی 20 ممالک سے مئی تا دسمبر 2020 کے عرصے کے لیے 1 اعشاریہ 8 بلین ڈالر کے قرض کی واپسی میں ریلیف کی توقع کر رہا تھا۔ اس میں 1.47 بلین ڈالر قرض کی اصل رقم اور 323 ملین ڈالر کا سود شامل ہے۔ کورونا کے منفی معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جی 20 ممالک ڈیٹ سروس کی معطلی کی سہولت کا آغاز کیا گیا تھا۔
گروپ 20 (جی 20) دنیا کی 20 اہم معیشتوں کی حکومتوں اور مرکزی بینک کے گورنروں کا ایک بین الاقوامی فورم ہے۔ اس کے ارکین میں 19 انفرادی ممالک ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقا، ترکی، مملکت متحدہ، ریاستہائے متحدہ امریکا اور یورپی یونین شامل ہیں۔ یورپی یونین کے دیگر رکن ممالک انفرادی طور پر اس کے رکن نہیں ہیں۔