لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے۔نیب سمیت تمام اداروں کی خودمختاری پر یقین اور ریاست کے تمام اداروں کا مکمل احترام کرتی ہوں۔
نیو نیوز کے مطابق مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں انہوں نے نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں 14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا، نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے، عدالت عالیہ نیب کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کرے۔
واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز پر 2 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے،لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 4 نومبر 2019 کو ان کی ضمانت منظور کی تھی۔
نیب نے گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔درخواست پر ہائیکورٹ نے 7 اپریل تک مریم نواز کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بنچ کل نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز کے خلاف انکوائری تفتیش میں بدل چکی ہے۔ وہ اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، انہیں ضمانت کے بعد تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں۔ انہوں نے پیش ہونے کے بجائے نیب کے دفتر پر پتھراؤ کرایا۔