لاہور: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی سے آٹھویں تک تمام نجی اور سرکاری سکول عید تک بن رہیں گے۔سیکنڈری اور ہائیر سکینڈری سکول 19 اپریل سے صرف پیر اور جمعرات کو کلاسز ہوں گی۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد اپنے ٹویٹ میں مراد راس نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور ، سیالکوٹ ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، اور شیخوپورہ میں سکول عید تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 ویں سے 12 ویں تک تمام پرائیویٹ اور سرکاری سکولز 19 اپریل سے کھلیں گے ۔لیکن سکولز اور کالجز میں کلاسز ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کوہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے چاہے نویں سے بارہویں ہوں یا اے اور او لیول کے امتحانات ہوں۔
واضح رہے کہ آج صبح این سی او سی نے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیاں اور یکم سے 8 ویں تک سکول 28 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔صرف سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سکول 19 اپریل سے کھلیں گے۔ تعلیمی ادارے عید تک بند رکھنے کا فیصلہ 28 اپریل کو کیا جائے گا۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی زیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ نویں سے 12 ویں تک کلاسزسکول اور کالجز میں سخت ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔ 19 اپریل سے نویں اور بارہویں جماعت کے طلبا سکول آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوروناسےمتاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیاں بند اور آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں داخلے بھی تاخیر سے ہوں گے ۔یونیورسٹیز سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بھی بڑھانے کا کہا ہے۔
شفقت محمود نے مزید بتا یا کہ اے اور او لیول کے امتحانا ت کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ نویں اور دسویں کے امتحانات 24 مئی سے شروع ہوں گے۔جو بچے امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں وہ یکسوئی سے کریں۔اے لیول اور او لیول امتحانات کی نگرانی برٹش کونسل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔80 فیصد مغربی ممالک میں بھی امتحانات ہو رہے ہیں۔
بھارت،بنگلا دیش،سری لنکا سمیت دوسرے ممالک میں امتحانات ہورہے ہیں۔بہت سے لوگ بات کر رہے ہیں اس خطے میں امتحانات نہیں ہورہے یہ غلط بات ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی بندش کا فیصلہ صوبے خود کریں گے یہ کہاں بند رکھنے ہیں۔28 اپریل کوکورونا صورتحال کا دوبارہ جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے کہ سکول اور یونیورسٹیاں عید تک بند رکھنی ہیں یا کھولنی ہیں ۔جن صوبوں نےامتحانات سے متعلق تجاویز دی ہیں وہاں ان کے حساب سے امتحانات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کی صورتحال خراب ہورہی ہے۔اسی لیے سندھ نے بھی 15 دن تک یکم سے 8 ویں سکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔