اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کے ریکارڈ فراہمی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ فریقین کے دلائل کا جائزہ لے کر فیصلہ سنائیں گے۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کے ریکارڈ فراہمی سے متعلق اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ فریقین سنجیدہ ہیں کہ کیس جلد کسی نتیجہ پر پہنچے۔وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی کو پابند کیا جائے کہ تحقیقات جلد مکمل کرے اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی سکروٹنی کمیٹی کو چھوٹ نہیں دے رکھی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہاں اسکروٹنی کا عمل نہیں ہورہا۔ہمارے سامنے جعلی دستاویز رکھ دی گئیں۔کہا گیا ان دستاویز پر دستخط کریں۔اسی وجہ سے ہم الیکشن کمیشن میں آئے ہیں۔کوشش کی ہے تمام ریکارڈ ٹیبل پر آئے۔پاکستان کے اداروں سے انصاف لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد حقائق سب کے سامنے رکھیں گے۔پی ٹی آئی نے بہت بڑے پیمانے پر غیر قانونی فنڈنگ لی ہے۔سچائی کو سامنے لانے سے مسئلہ نہیں ہوتا چھپانے سے ہوتا ہے۔غیر قانونی فنڈنگ میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔سعودی عرب سے 7 لاکھ ریال سالانہ آتے ہیں، اس کا ثبوت دیاہے۔ ہم نے امریکا سے 3 ملین ڈالر کا ثبوت دیا ہے۔