کراچی : انڈونیشیا نے پاکستانی حکومت اورعوام سے براہ راست تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے۔ منصوبے کے تحت انڈونیشیا نے پاکستانی طلباء کے لئےایک ہزار سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے ،جبکہ اس کے ساتھ رواں ماہ ہم انڈونیشن زبان سکھانے کا مکمل مفت کورس شروع کر رہے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق انڈونیشیا کے قونصلر اور کراچی میں انفارمیشن اینڈ کلچرل ہیڈ ابن سلہن نے 2021ء کیلئے اپنے اہداف بارے بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات وقت کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں یہاں تک کے کورونا وبا کے دوران بھی دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لئے اپنی حکومت کی ہدایت پر ہم نے برادر ملک پاکستان کے عوام سے اپنے عوام کا رابطہ بڑھانے کے لئے کچھ منصوبے شروع کئے ہیں ۔ہماری حکومت نے پاکستانی طلباء کیلئے اپنی بہترین 23؍ یونیورسٹیوں میں 2021ء کے دوران ایک ہزار اسکالر شپ کی منظوری دی ہے۔
یہ اسکالر شپ گریجویشن ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے لئے ہونگے اور 25؍ اپریل سے اس اسکیم کا آغاز کر دیا جائے گا اور اگست 2021ء میں اسے مکمل کر دیا جائے گا، ابتداء میں یہ ایک ہزار اسکالر شپ 100فیصد فنڈڈ ہیں امید ہے اس تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔