پشاور: رکن کے پی اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے کورونا وائرس کو شکست دے دی اور ان کا ٹیسٹ منفی آگیا۔رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی کا کہنا ہے کہ صحت یابی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ہمیں مل کر کورونا کو شکست دینا ہوگا، عوام کے تعاون کے بغیر حکومت کورونا کو شکست نہیں دے سکتی، عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں، بہت جلد اپنے حلقے اور مردان کے عوام کی خدمت کے لئے ان کے ساتھ ہوں گا۔
خیال رہے خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 405 ہوگئی، نوشہرہ میں ایک ہی دن کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آ ئے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی۔
پختونخوا میں مزید 32 افراد صحت یاب ہوگئے جس کے بعد صحت یاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کے مطابق دونوں اموات سوات میں ہوئیں اور دونوں کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔