نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کردیا گیا

نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کردیا گیا

 
اسلام آباد : گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کر دیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ نے ان لینڈ ریونیو سروس کی افسر نوشین جاوید امجد کی چئیرمین ایف بی آر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

شبر زیدی کی اعزازی طور پر چئیرمین تقرری فوری طور پر ختم کردی گئی ہے۔ شبرزیدی پہلے سے ہی غیر معینہ مدت کیلئے رخصت تھے۔

چئیرمین ایف بی آر کی رخصت کے باعث نوشین جاوید امجد قائمقام چیئر پرسن کام کررہی تھیں اور اب انہیں ریگولرطور پر چیئرمین ایف بی آر لگا دیا گیا ہے۔ نوشین جاوید امجد کو ممبر ایڈمن ایف بی آر سے تبدیل کرکے چئیرمین ایف بی آر لگا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل شبر زیدی نے بطور چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی تھی ۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی ایک اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی شدید بیمار ہیں، بطور چیئرمین ایف بی آر کے لیے نیا بندہ لائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کے لیے آئے تھے۔