پاکستان کپ،فیڈرل ایریاز کے محمد رضوان کی گراﺅنڈ میں نماز ادا کرنے کی تصویر وائرل

01:15 PM, 6 Apr, 2019

راولپنڈی : پاکستان ون ڈے کپ کے دوران دفاعی چیمپئن فیڈرل ایریازکے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی گراﺅنڈ میں نماز ادا کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان کپ 2019ءکے سنسنی خیز مقابلے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہیں۔دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا نے دفاعی چیمپئن فیڈرل ایریا زکو 3وکٹوں سے شکست دیدی۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فیڈرل ایریازکی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 45.3اوورز میں 269رنز بناکرپوری ٹیم آﺅٹ ہوگئی، اسراراللہ 77، محمدنواز62اور احمدشہزاد 56رنز کیساتھ نمایاں رہے ،مرد میدان وہاب ریاض نے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر 7وکٹیں گنوا کر274رنز کیساتھ فتح اپنے نام کی۔

عادل امین 70اور محمدسعد 64رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ثمین گل نے 3، بلال آصف اورضیا الحق نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے دوران وقفے میںدفاعی چیمپئن فیڈرل ایریاز کی نمائندگی کرنےوالے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی گراﺅنڈ میں مغرب کی نما ز ادا کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پاکستان ون ڈے کپ کے شیڈول کے مطابق7 اپریل کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہوں گی۔8 اپریل کو ساتواں میچ میں پنجاب اور فیڈرل ایریاز کے درمیان کھیلا جائےگا۔

9 اپریل کو آٹھوایں میچ میں سندھ اور خیبر پختونخوا، 10 اپریل کو نویں میچ میں فیڈرل ایریاز اور بلوچستان جبکہ 11 اپریل کو دسویں اور آخری میچ پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پنجاب، بلوچستان، فیڈرل ایریاز، خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ہر ٹیم چار لیگ میچ کھیلے گی جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 12 اپریل کو کھیلا جائے گا،تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔

ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 35 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، فاتح ٹیم کو 20 اور رنرز اپ کو 10لاکھ روپے دیے جائیں گے، ہر لیگ میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25ہزار کا انعام ملے گا،ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، باﺅلر، آل راﺅنڈر اور فائنل کے مین آف دی میچ کو ایک ایک لاکھ روپے جیب میں ڈالنے کا موقع ملے گا، ہر کھلاڑی کی میچ فیس بھی 33 سے بڑھا کر 35ہزار کردی گئی ہے،2017ء اور 2018ءکی چیمپئن فیڈرل ایریاز ٹیم ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کا عزم لیے میدان میں اترےگی۔

مزیدخبریں