24 گھنٹے2 ملک اور 10 وکٹیں،مالنگا نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

24 گھنٹے2 ملک اور 10 وکٹیں،مالنگا نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

گال :سری لنکا کے فاسٹ باﺅلر لاستھ مالنگا35سال کے ہونے کے باوجود ابھی تک جوان ہیں۔

انہوں نے 24گھنٹے کے دوران دو ملکوں میں کھیلے گئے الگ الگ میچ میں 83رنز دیکر 10وکٹیں حاصل کرلیں۔

اس کارکردگی کی بنیاد پر انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔ لاستھ مالنگا سری لنکا کی جانب سے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ میں شمولیت کریںگے۔ایک دن قبل انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کی جانب سے لاستھ مالنگا نے باﺅلنگ کراتے ہوئے 4اوور ز میں 34رنز دیکر چنئی سپر کنگز کے3کھلاڑیوں شین واٹسن ،کیدر جادھواور ڈیوائن براوو کو آﺅٹ کیا۔

مالنگاکی اس کارکردگی کے باعث ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کو 171رنز کا ہدف حاصل نہیں کرنے دیا اور 37رنز سے میچ جیت لیا۔ اس کے فوراً بعد لاستھ مالنگا سری لنکا کے شہر گال روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے4صوبوں کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کے 50محدود اوورز کے میچ میں حصہ لیا اور گال کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف49 رنز دے کر 7کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

اس طرح مخالف کینڈی کی ٹیم کو 257رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوورمیں 99رنز پر آﺅٹ کردیا۔ گال نے یہ میچ 156رنز سے جیت لیا۔ اس طرح اپنے مخصوص انداز اور باﺅلنگ میں مانے ہوئے فاسٹ باﺅلر نے 83رنز کے بدلے 10وکٹیں حاصل کرلیں۔

مالنگا نے اپنی اس کارکردگی سے آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔ لاستھ مالنگا سری لنکن ٹیم کی جانب سے چوتھی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔