لاہور: پاکستان کی نامور فلمسٹار ریما نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کی سعادت حاصل کرلی، ریما نے یروشلم کے سفر اور قبلہ اول بیت المقدس کے ٹور کی تصاویر انسٹا گرام پر بھی شیئر کی ہیں، اداکارہ نے مسجد اقصیٰ کی زیادت کوزندگی کی بڑی سعادت قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لالی وڈ کی معروف اداکارہ ریما نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت بڑی سعادت ہے جس کو میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔
اداکارہ نے مسجد میں نوافل بھی ادا کیے۔
انہوں نے کہا کہ یروشلم صرف مسلمانوں کیلئے ہی مقدس جگہ نہیں ہے بلکہ یروشلم بہت سارے مذاہب کے لوگوں کیلئے پاکیزہ جگہ ہے۔
اداکارہ ریما نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اسرائیل کے ٹور کیسے ممکن بنایا تاہم معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ ریما کے پاس امریکن پاسپورٹ ہے۔
لیکن اس کے برعکس پاکستانیوں اور اسرائیل کے لوگوں کے ایک دوسرے کے ملک میں آنے جانے پر پابندی ہے۔ تاہم اداکارہ ریما نے اسرائیل کا روح پرور دورہ کرنے پر اپنے دوستوں کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی وجہ سے ان کا یہ ٹور اور خواب پورا ہوسکا ہے۔
یروشلم کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ ان کے خاوند طارق شہاب بھی تھے۔
دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک صرف دو معروف پاکستانی شخصیات نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے، اس سے قبل سینئر صحافی حامد میر بھی اسرائیل کا دورہ کرچکے ہیں۔