لاہور: کشمیری رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں زبردستی اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
جی سی یونیورسٹی لاہور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنما مشال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں زبردستی اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے میں جنگ چھڑ سکتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قصائی کی دکان کھولی ہوئی ہے۔ بچوں کے اسکول بیگ جلائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف یوم کشمیر منانے سے آزادی کا حصول ممکن نہیں بلکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کا سب سے بڑا فریق ہونے کے ناطے عالمی سطح پر اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ بھارتی فورسز کشمیر میں لاشیں گرا کر امن قائم نہیں کر سکتی، اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کا کوئی وقت مخصوص نہیں۔
مشال ملک نے کہا کہ ہمیں ہر محاذ پر کشمیر کی جدوجہد آزادی کیلئے آواز بلند کرنا ہو گی۔