سینٹرل کنٹریکٹ کی تیاری ، محمد حفیظ کی جگہ خطرے میں پڑ گئی

05:57 PM, 6 Apr, 2018

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) قومی کھلاڑیوں کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کی تیاریوں میں مصروف ہو گیا ہے تاہم اس حولے سے محمد حفیظ کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ، کیونکہ ان کی ”اے“ کیٹیگری سے تنزلی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق تینوں فارمیٹ کے ٹیلنٹ پول میں شامل کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار جانچنے کیلیے ٹیسٹ 9اور 10اپریل کو ہونے ہیں،ان میں گذشتہ سال سینٹرل پانے والے35کرکٹرز کے ساتھ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انٹرنیشنل کیریئرکا آغاز کرنے والے حسین طلعت،آصف علی، شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہوں گے جب کہ کافی عرصے سے نظر انداز فواد عالم کو بھی طلب کیا جائے گا۔
جبکہ ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی ٹاپ کیٹیگری پوزیشن خطرے میں پڑ گئی،حسن علی اور بابر اعظم ایک درجہ چھلانگ کے ساتھ ”اے“ میں ترقی پانے کے مضبوط امیدوار ہیں۔”سی“ سے سہیل خان کی رخصتی کا قوی امکان ہے، فخرزمان ”بی “ میں جبکہ فہیم اشرف اور رومان رئیس ”سی“ میں جگہ بنا سکتے ہیں،”ڈی“ کیٹیگری سے آصف ذاکر اور محمد رضوان کی چھٹی ہو سکتی ہے۔ عمر امین کی پوزیشن بھی خطرے میں پڑ گئی، حسین طلعت، ا?صف علی اور شاہین شاہ آفریدی کیلئے کنٹریکٹ کے دروازے کھلنے کا امکان روشن ہے، سعد علی اور فواد عالم کے نام بھی زیر غور ہونگے۔
گزشتہ معاہدوں کی مدت یکم جولائی2017سے 30جون 2018تک ہے، فٹنس ٹیسٹ کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے فہرست کی تیاری بھی شروع ہوجائے گی۔ گذشتہ معاہدے میں سرفراز احمد،اظہر علی،شعیب ملک،محمد حفیظ،یاسر شاہ اور محمد عامر ”اے“ کیٹیگری میں شامل تھے۔بابر اعظم،اسد شفیق اور حسن علی کو ”بی“ میں جگہ ملی، فخرزمان،حارث سہیل، احمد شہزاد،سمیع اسلم،شان مسعود،وہاب ریاض، راحت علی، جنید خان،سہیل خان،محمد عباس اور شاداب خان ”سی“ کیٹیگری میں شامل تھے۔

مزیدخبریں