ذوالفقار بھٹو کے نام پر زرداری نے سندھ کے لوگوں کو لوٹا، عمران خان

ذوالفقار بھٹو کے نام پر زرداری نے سندھ کے لوگوں کو لوٹا، عمران خان

حیدر آباد:کارکنوں سے خطاب کرتے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا جب تک نوجوان اور خواتین سامنے نہیں آئیں گے تب تک تبدیلی ممکن نہیں جبکہ الیکشن کے دن سب سے زیادہ دھاندلی خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا ذوالفقار بھٹو کے نام پر زرداری نے سندھ کے لوگوں کو لوٹا ہے لیکن میں زرداری کا مقابلہ کر کے دکھاؤں گا۔ لوگ ان سے ڈرتے ہیں کیونکہ ان کا خوف ان پر ہے لیکن ہم سندھ میں قائم ظالمانہ نظام کو ٹھیک کریں گے۔ 

عمران خان نے کہا زرداری نے سندھ کے ساتھ وہ کیا جو کوئی دشمن بھی نہ کرے کیونکہ یہ مافیا ہرساڑھے 4سال بعدآجاتا ہے اور بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگاتا ہے لیکن آنے والے الیکشن میں زرداری مافیا کوشکست دینی ہے  کیونکہ انقلاب ہمیشہ گھر سے شروع ہوتا ہے اور جب معاشرے میں خواتین اپنے حقوق کیلئے کھڑی ہو جائیں تو معاشرے تبدیل ہو جاتے ہیں اور قوم ترقی کرنے لگ جاتی ہے۔ 

سندھ میں غربت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اس صوبے میں  باقی صوبوں کی نسبت  غربت اور بیروزگاری زیادہ ہے جبکہ صوبہ سندھ بہت سے مسائل کا شکار ہے ۔ 

 اس سے قبل چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  تھا ہم ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کرتے ہیں جبکہ قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں جبکہ منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نواز شریف، خواجہ آصف سب شامل ہیں۔ ایمنسٹی اسکیم سے پیغام جا رہا ہے کہ ٹیکس دینے والے بیوقوف ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اداروں پر تنقید اور شہباز تعریف کر رہے ہیں اور سارے پنجاب کا بجٹ صرف ایک آدمی شہباز شریف خرچ کرتا ہے۔ سندھ میں ایسی لوٹ مار ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی اور اب سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کے لیے فیصلہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا سندھ، پنجاب میں لوگ نیب سے ڈرتے ہیں لیکن ہم نیب کو دعوت دیتے ہیں اور سونامی ٹری سمیت ہیلی کاپٹر ایشوز پر تحقیقات کریں۔

عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم کو دنیا بھر میں اٹھانا چاہیے اور نریندر مودی کی مسلم مخالف پالیسی سب کو نظر آ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس کی باتیں اچھی لگیں، نواز شریف

 چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تحریک انصاف نے بخشش کی ایک اور حکومتی منصوبہ بندی مسترد کر دی جبکہ ایمنسٹی اسکیم مجرموں کو بچانے کی ایک اور کوشش ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مدت پوری ہونے سے 45 روز پہلے ایسا کیوں کرنا چاہتے ہیں؟۔ حکومت نے بجٹ سے 2 ہفتے پہلے ایسا کیوں کیا ؟۔ ان کا کہنا تھا ایمنسٹی اسکیم ایماندار ٹیکس دہندگان کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا ایمنسٹی سکیم کا معاملہ سینیٹ میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا اور اس سکیم کے خلاف قرارداد بھی لائے جائے گی۔ انہوں نے کہا یہ سکیم نہیں بلکہ ملک لوٹنے والوں کو فری ہینڈ دینے کا انعام ہے اور منی لانڈرنگ کرنے والے حکمران اپنے جیسوں کو نواز رہے ہیں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف سچ کہتے ہیں کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والا اپنے ذاتی اکاونٹ سے کچھ نہیں کرتا۔ حکومت نے اپنی مدت ختم ہونے سے ڈیڑھ ماہ پہلے معاشی شب خون مارا اور ایمنسٹی اسکیم لانے کا مقصد صرف اور صرف کالے دھن کو سفید کرنا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سلمان خان کل تک جیل میں رہیں گے، درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت غریب آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لئے کبھی استثنیٰ والی کوئی اسکیم نہیں لائی۔ وزیراعظم نے خود کہا کہ آف شور کمپنی بنانا جرم نہیں اور وزیراعظم نے آدھا سچ بولا جبکہ درحقیقت چھپ کر آف شور کمپنی نہیں بنائی جا سکتی۔ اسد عمر نے کہا کہ پارلیمنٹ، کابینہ اور میڈیا سے چھپ کر نئی ایمنسٹی اسکیم لائی گئی اور پرانی اسکیم کی طرح اب بھی لوگوں کا کالا دھن سفید ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں