کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی جن کو کشمیر سے متعلق بیان دینے پر بھارتیوں کی جانب سے کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے نے ایک مرتبہ پھر مودی کے دیس کے باسیوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فخر ہے پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں،کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں اور میں آئی پی ایل پر لعنت بھیجتا ہوں جبکہ بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کھلاڑی شاہد آفریدی کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہ آئے
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں۔ کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں اور ہندوستانی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے۔یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور ہند کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے۔
یاد رہے کہ ہندوستانی میڈیا کی جانب سے کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنا یا گیا جس کے بعد گوتم گمبھیر نے بھی پاکستانی لیجنڈ پر تنقید کی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہندوستانی عوام پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتے ہیں لیکن ہندوستانی میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کررہا ہے، میں نے اس لئے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہورہے ہیں ،کشمیر ہو یا کوئی اور جگہ جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاﺅں گا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے۔
میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا۔ میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے اورمیں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں، مجھے بلایا بھی گیا تو کبھی آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا، ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے۔
وہ دن دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ،آئی پی ایل سے بڑی ہوگی۔شاہد آفریدی نے ہندوستانی میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم وبربریت بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی ہندوستانی کرکٹر کی کوئی پروا نہیں۔ان کے میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور عوام سے کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،فیصل آباد کا جڑانوالہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے کشمیریوں کے حق میں بیان کے بعد آفریدی کے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہوئے انہیں آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیدیا تھا جبکہ ان کی تصاویر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم سلیم باجوہ کے ساتھ دکھا کر اپنی عوام کو گمراہ کرنے کی حتی الامکان کوشش کی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں