بنگلور: مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے قتل عام کے خلاف آواز اٹھانے پر بھارتی کھلاڑی پاکستان کے سٹار آل راونڈر شاہد آفریدی کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہ آئے ۔ گوتم گمبھیر کے بعد مزید بھارتی کھلاڑی بھی اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا جس کی شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
آفریدی کے اس ٹوئٹ کے بعد بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر نے تہذیب کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے تفرت انگیز پیغام جاری کیا۔ گمبھیرنے شاہدآفریدی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ آفریدی یو این کو ڈھونڈ رہے ہیں اور آفریدی کی ڈکشنری میں یو این انڈر نائنٹین ہے جوکہ انکی عمر کی بھی حد ہے۔ میڈیا پرسکون رہے، آفریدی نو بال پر وکٹ کا جشن منارہے ہیں۔
معاملہ صرف یہاں تک نہ رہا بلکہ بھارتی میڈیا نے شاہد آفریدی کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا اور بھارتی کرکٹرز بھی اس مہم میں اپنی میڈیا کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے۔بھارتی سابق کپتان کپیل دیو نے شاہد آفریدی کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔ ایک صحافی کے سوال پر کپل دیو نے جواب دیا کہ ’آفریدی کون ہے؟ہم کیوں اس کو اہمیت دے رہے ہیں، ہمیں ایسے لوگوں کو بالکل اہمیت نہیں دینا چاہیے‘۔
سچن ٹنڈولکر سے جب ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے دوران شاہد آفریدی کی ٹوئٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو چلانے کے لیے باصلاحیت لوگ موجود ہیں، کسی باہر کے فرد کو ہمیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہمیں کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے شاہد آفریدی کے کشمیر کے حوالے سے ٹویٹ پر گول مول جواب دے کر اپنی جان چھڑا لی۔ایک تقریب کے دوران جب ویرات کوہلی سے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی کی حیثیت سے آپ انہی خیالات کا اظہار کرتے ہیں جو آپ کی قوم کے لیے بہتر اور اس کے بہترین مفاد میں ہو۔ کوئی بھی چیز اس کے برخلاف کوئی بھی چیز ہو گی تو میں کبھی اس کی حمایت نہیں کروں گا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ایک کسی خاص معاملے پر بیان دینا ایک فرد واحد کی ذاتی پسند ہے۔ جب تک مجھے کسی معاملے کا مکمل علم نہیں ہو گا، میں اس وقت تک اس معاملے کا حصہ نہیں بنوں گا لیکن یقیناً ہماری ترجیحات ہماری قوم کے ساتھ ہوتی ہیں۔
بھارتی بلے باز سریش رائنا بھی پیچھے نہ رہے اور ٹوئٹ میں اپنے آباو¿ اجداد کے کشمیر سے تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ شاہد آفریدی بھائی اپنی فوج سے کہیں کہ وہ ہمارے کشمیر میں دہشت گردی اور پراکسی وار ختم کریں۔ ہم امن چاہتے ہیں، خون خرابا اور تشدد نہیں۔
شیکھر دھاون نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اس بحث کا حصہ بنتے ہوئے گوتم گمبھیر کا طرز تخاطب اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اپنے دیس کی حالت سدھارو، اپنی سوچ اپنے پاس رکھو، اپنے دیس کا جو ہم کر رہے ہیں وہ اچھا ہی ہے اور آگے جو کرنا ہے وہ بھی ہمیں اچھے سے پتہ ہے، زیادہ دماغ مت لگاو۔