راولپنڈی : کسٹمز عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس کی مرکزی ملزمہ ماڈل گرل ایان علی کی عدم حاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ماڈل کی وطن واپسی کا شیڈول طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان علی کی خلاف روالپنڈی کسٹمز عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس جاری ہے جس کی آج ہونے والی سماعت میں کسٹمز جج محمد شیراز کیا نی نے کیس کی سماعت کی اس موقع پر عدالت نے ملزمہ کے وکلا سے ایان علی کی کورٹ میں عدم پیشی کی وجہ دریافت کی جس پر ملزمہ کے جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں لہٰذاانہیں حاضری سے مستقل استشنیٰ دیا جائے جس پر کسٹمز جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ تو کہتی تھی کہ عدالت میں مقدمے کا سامنا کروں گی اب پیش کیوں نہیں ہوتی؟ اس سے قبل بھی استشنیٰ کی تین درخواستیں عدالت میں موجود ہیں چوتھی درخواست کیوں دی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مستقل ااستثنی کی درخواست پر سماعت ایان علی کی موجودگی میں ہوگی اس کے ساتھ ہی عدالت نے ان کے جونیئر وکیل کو ہدایت کی کہ فوری طور پر عدالت میں ماڈل کی وطن واپسی کا شیڈول پیش کیا جائے اور آئندہ سماعت پر سینئر وکیل لطیف کھوسہ بھی عدالت میں پیش ہوں کیس کی مزید سماعت اب 6 جون کو ہوگی۔