لاہور ہائیکورٹ نے نکاح نامے میں جہیز کا الگ خانہ بنانے کا حکم دیدیا

11:32 AM, 6 Apr, 2017

لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو نکاح نامے میں جہیز کا الگ خانہ بنانے کا حکم دے دیا ہے۔جمعرات کوعدالت نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ نکاح نامے میں جہیز کے سامان کاشمار کرنیکے لیے ضروری قانون سازی کرے تاکہ شادی کے اختتام کی صورت میں جہیز کی واپسی میں خواتین کو درپیش مسائل کم کیے جاسکیں۔

ایک خاتون کی جانب سے دائر پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق افتخار احمد نے کہا کہ 'ایک قانون ہونا چاہیے جس میں شادی سے متعلق تمام چیزوں کا احاطہ ہوتا ہو، نکاح نامے میں جہیز کی اشیا کے اندراج سے متعلق کالم ہونا چاہیے جو مستقبل میں دلہن کے لیے سماجی اور قانونی حوالوں سے مفید ثابت ہوسکے۔

درخواست گزار نے بہاولپور کی مقامی عدالت کی جانب سے جہیز کی اشیا کی 'غلط لاگت لگائے جانے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جہیز کی لعنت جدید پاکستانی معاشرے میں عورت کے لیے ایک خطرہ ہے، جس میں جسمانی تشدد نہ صرف دلہن بلکہ اس کے والدین کے لیے مالی اور جذباتی دباو کی وجہ بنتا ہے۔

نکاح نامے میں جہیز کی اشیا کے اندراج کے حوالے سے قانون سازی کی جانی چاہیے۔ جسٹس طارق افتخار احمد نے سیکریٹری قانون کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ اس معاملے کو اٹھائیں تاکہ جلد از جلد از اس حوالے سے قانون سازی کی جاسکے۔

مزیدخبریں