ڈی جی خان:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا ہے۔
ڈی جی خان میں سکول نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے ڈی جی خان جتنا بھی دور ہو میں آپ سے دور نہیں ، آپ سب بچوں کیلئے ایسے سوچتی ہوں جیسے ایک ماں سوچتی ہے، یہ بچے میرے لیے وی آئی پیز ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے، ہم پانچویں کلاس تک کے بچوں کیلئے مفت دودھ کا پروگرام لائے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے پاس پنجاب میں ہزاروں سکول ہیں جن میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں، پاکستان امیر ملک نہیں ہے،وسائل تھوڑے ہیں، اچھا وقت آئے گا اور آرہا ہے، پوری کوشش ہوگی بچوں کی غذائی ضرورت پوری کرنے کیلئے جو کچھ کرسکتی ہوں وہ کروں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ کو سب کولگے گا آپکی وزیراعلیٰ ماں کی طرح ہے،انہوں نے کہا کہ یہاں وزارت تعلیم کی پوری ٹیم بیٹھی ہے، میری تعلیم کی ٹیم آپ کیلئے دن رات کام کررہی ہے، قوم اور عوام کا پیسہ آپکا پیسہ ہے، قوم کے پیسے میں ایک روپے کی خیانت بھی ہوئی تو اللہ معاف نہیں کرے گا، چاہتی ہوں آپ کا پیسہ بغیر کسی غلط کام کے آپ تک پہنچے۔
مریم نواز نے کہا کہ بچوں کو بغیر کسی خُورد بُرد اور قیمت کے دودھ ملنا وزیر تعلیم کی ذمہ داری ہے، اس پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آئندہ پانچ سال چلانا صوبائی وزیرتعلیم کی ذمہ داری ہے، پورے پاکستان میں ایسا پروگرام شروع ہونا چاہیے، باقی صوبوں کے بچے بھی میرے بچے ہیں، باقی صوبو ں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی ایسا پروگرام شروع کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جس میں نوازشریف کے ویژن سے مہنگائی میں کمی لائے ہیں، پنجاب میں آٹے،روٹی اور سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، ہم روز مہنگائی کو کم کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، پہلی بار مہنگائی 35فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے۔
مریم نواز نے مزیدکہا کہ بچوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں آپ سے دل سے پیار کرتی ہوں، کوشش ہے آپکی زندگیوں میں بہتری آئے اور آپ ملک کا روشن مستقبل ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا بچوں کو تلقین کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اپنے وطن سے پیار کرنا ہے وطن کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا، دنیا چاہے جو کررہی ہے اس کو کرنے دیں آپ نے وطن کی محبت اور سلامتی کیلئے کام کرنا ہے، آپ کا ہرقدم وطن کی سلامتی کیلئے اٹھنا چاہیے۔