ایم کیو ایم سندھ میں اگلی حکومت جی ڈی اے کے ساتھ مل کر بنائے گی،مصطفیٰ کمال  کا دعویٰ 

06:05 PM, 5 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفی کمال نے دعوی کیا ہے کہ   ایم کیو ایم سندھ میں اگلی حکومت جی ڈی اے کے ساتھ مل کر بنائے گی۔  ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفی کمال نے  سندھ میں حکومت کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ   ایم کیو ایم سندھ میں اگلی حکومت جی ڈی اے کے ساتھ مل کر بنائے گی۔ 

ان کاکہنا تھا کہ دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے لیکن آج بھی ہماری شہ سرخی نہیں بدلی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو کما کر دینے والے شہر کراچی میں گٹروں پر ڈھکن نہیں، آج بھی ہماری شہ سرخی گٹر کے ڈھکن ہیں۔ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی ان حالات میں بھی ملک کو پونے 3 ہزار ارب روپے کما کر دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی اس ملک کو 8 ہزار ارب روپے تک کما کر دے سکتا ہے مگر اس دودھ دینے والی گائے کو چارہ تو دو۔مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم سندھ میں اگلی حکومت جی ڈی اے کے ساتھ مل کر بنائے گی، بس نگراں حکومت کی بیورو کریسی کو غیر جانبدار نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 80 فیصد انتخابی عمل پولنگ ڈے سے پہلے مکمل ہوچکا ہوتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن سندھ اعجاز چوہان جانبدار ہیں، صوبے میں کرپشن کا سسٹم اب بھی چل رہا ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بار بار قرض لے کر ہم پاکستان کو نہیں چلا سکتے، حکومت چاہتے ہوئے بھی عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی۔

 جی ڈی اے سے نگران حکومت بننے سے پہلے ہمارے رابطے ہوئے اور ہم مل کر اپوزیشن لیڈر لے کر آئے۔ہم نے 1990 اور 1997 میں مل کر پیپلز پارٹی کےخلاف حکومت بنائی تھی، ہم بطور سیاسی جماعت سب سے بات کریں گے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی مخالف اتحاد نہیں، یہ عوام دوست اتحاد ہے اور پیپلز پارٹی عوام کےخلاف کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نہیں چلے گا تو ملک نہیں چل سکتا، صوبے میں امن و مان کی صورتحال ٹھیک نہیں، کراچی میں ہمارا پانی چوری کرکے ہمیں ہی بیچا جارہا ہے۔ اپریل میں صحیح گنتی ہوجاتی تو وقت پر الیکشن ہوتے، ہم چیئرمین پی ٹی آئی نہیں کہ یہ کہیں کسی سے بات نہیں ہوسکتی۔

مزیدخبریں