اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے چھ ستمبر کے شہداء کی یاد میں گلوکار راحت فتح علی خان کا نغمہ 'قربان ہوئے' ریلیز کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ نغمے کی شاعری خلیل الرحمن قمر کی جبکہ موسیقی نوید ناشاد کی ہے ، نغمے کو بڑی خوبصورتی سے پکچرائز کیا گیا ہے ۔
نغمے میں پاک فوج کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے نغمے کو راحت فتح علی خان نے اپنے منفرد انداز میں گایا ہے۔
یاد رہے کہ نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وثقافت جمال شاہ نے بدھ کو یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقد کی جانے والی ایک ہفتہ طویل ثقافتی سرگرمی کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوم دفاع پاکستان پاکستانیوں کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں نے ہمارے قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ثقافتی تقریبات کا منصوبہ بنایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمال شاہ نے میگا ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں میں بچوں اور نوجوانوں کی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن اور اس سے منسلک محکمہ نے ثقافتی سرگرمیوں اور تقریبات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد حب الوطنی اور قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہماری نوجوان نسلوں کے دلوں میں اپنے وطن کی محبت اور احترام کو ابھارنا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وثقافت جمال شاہ نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں میں لائیو پرفارمنس، اسٹیج ڈرامے، کٹھ پتلی تھیٹر، میوزیکل کنسرٹ، نمائشیں، کام پر دستکار، سیمینار، ٹیبلوز وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی نغمات کی میگا میوزیکل تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نامور گلوکار اس دن کی مناسبت سے قومی گیت گائیں گے۔