امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے سے پاکستانی روپے کی قدر کم ہو تی جارہی ہے۔ ہفتے کے پہلے دن ڈالر انٹر بینک میں ڈالر 2 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 219 روپے کا ہو گیا ۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سےپاکستانی روپے کی قیمت میں اضافہ ہوگا اور ڈالر کمزور ہو جائے گا ، کرنسی ڈیلرز کا یہ بھی کہنا ہےکہ اگست میں درآمدات اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے روپے پر دباؤ آیاہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری ہونے والی نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کو رواں سال ضرورت سے 2 ارب 57 کروڑ ڈالر اضافی بیرونی قرض ملنے کا امکان ہے اور اس سال پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ مالی سال میں 30 ارب 75 کروڑ ڈالر درکار ہیں جبکہ اس وقت پاکستان کیلئے 33 ارب 33 کروڑ ڈالر بیرونی فنانسنگ دستیاب ہیں ،اس کے علاوہ سود کی ادائیگی پر 3 ہزار 8سو 71 ارب روپے خرچ ہونگے اور ترسیلات کے زر کا حجم 28 ارب 96 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو انٹربینک میں ڈالر 38 پیسے مہنگا ہوکر 218.98 روپے پر بند ہوا تھا اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوکر 223 روپے پربند ہوا تھا۔