پشاور : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سپاہی سے لیکر جنرل تک تمام فوج محب وطن ہے ۔ موجودہ حکومت بھی محب وطن ہے۔ پاک فوج کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔عمران خان جرنیلوں کے محب وطن ہونے کے متعلق اپنے بیان کی وضاحت خودکرسکتے ہیں ۔حکومت او راپوزیشن کے مابین پل کا کردار اداکرنے کی کوشش کررہا ہوں۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے عمران خان کے بیان کے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کرونگا۔موجودہ حکومت سمیت تمام ادارے محب وطن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں فوج نے سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں بچائیں، پوری قوم کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، سیاست سے ہٹ کر قوم کی زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔صوبوں کے مابین پانی کی تقسیم پر موجود اختلافات کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ سندھ ، بلوچستان اورجنوبی پنجاب کو بڑی تباہی کا سامنا ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اچھا کام کررہی ہے، افغان حکومت کے ساتھ بھی دریاءکابل کے پانی کی تقسیم کے معاملات طے کرنے ہوں گے، دریاوں کے کنارے تجاوزات کی وجہ سے کے پی میں زیادہ نقصانات ہوئے، دریاں کے کنارے تجاوزات کو روکنا ہوگا۔