راولپنڈی : فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیزاور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے جبکہ پاک فوج قوم کی سیکورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی کی آئین میں واضح طریقہ کار کی موجودگی کے باوجود سینئر سیاستدانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی اُن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندارعسکری خدمات سے عیاں ہے۔
پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازعہ بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں ہے۔ پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔