عمران خان کی فوج اور اداروں کیخلاف باتیں انہیں سیاست میں گھسیٹنے کی بدترین سازش ہے: خواجہ آصف

03:25 PM, 5 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی فوج اور اداروں کیخلاف باتیں انہیں سیاست میں گھسیٹنے کی بدترین سازش ہے ۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کی تعیناتی کیخلاف جو گفتگو کی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ تمام ادارے اور ان کی قیادت نیوٹرلز ہیں ، ہمیں ان کی عزت اور تکریم کرنی چاہئے ۔ جب کوئی اداروں اور قیادت کو نیوٹرلز نہیں سمجھتا اور ہرزہ سرائی کرتا ہے تو وہ ملک دشمنی کرتا ہے ۔ کسی سیاستدان کا تحفظ فورسز کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ عمران خان بار، بار اپنی سیاست کیلئے اداروں سے مدد مانگ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف آنے والے وقت میں لمبی قانونی کارروائیاں ہونے والی ہیں ، عمران خان کیخلاف کچھ کارروائیاں شروع ہوچکی ہیں کچھ بہت جلد ہو جائیں گی ۔ ہم بدترین مخالفین کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے ۔ کسی کیخلاف بھی ذاتی عناد کی بنیاد پر کوئی مقدمہ یا کارروائی نہیں ہوگی ۔ عمران خان سے متعلق قانونی ماہرین تمام امور کا جائزہ لیں گے اور کارروائی کا فیصلہ ہوگا ۔ عمران خان کے 4 ماہ میں جتنے بھی ملک دشمنی پر مبنی بیانات ہیں سب کا جائزہ لیا جائے گا ۔ فارن فنڈنگ سمیت بہت سے مزید ایسے کیسز سامنے آرہے ہیں جس میں عمران خان نے فائدہ اٹھایا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، بھارت نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ پاکستان کو قرض نہ دیا جائے ۔ عمران خان نے پہلے معیشت پر حملہ کیا ، اب افواج سمیت اداروں پر حملہ آور ہیں ۔ عمران خان ملک میں افراتفری چاہتے ہیں ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 4 ماہ سے پاکستان کی معیشت اور اداروں پر حملہ آور ہیں ۔ عمران خان سے اقتدار آئینی طریقے سے لیا گیا ہے ۔ عمران خان نے 3 سال میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں جو بیانات دے رہے ہیں وہ شہدا کے خون کی تضحیک ہے ۔ عمران خان نے فوج میں تقرریوں کو سیاست کا موضوع بنایاِ ۔ پاک فوج اس وقت سیلاب متاثرین کیلئے ہراول دستے کا کردارادا کر رہی ہے ۔ پاک افواج متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان جلسوں سے خطاب کیلئے ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگ مدد کیلئے ہیلی کاپٹر کا انتظار کرتے ہیں ۔ ہیلی کاپٹر زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد نہیں پہنچ پاتی ۔

مزیدخبریں