کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم اپنے اداروں اور جرنیلوں کو عمران خان کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے ۔ ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محبت وطن ہے ۔
اپنے بیان میں سابق صدر نے کہا کہ قوم کو نظر آرہا ہے کہ اصل فتنہ کون ہے ، آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے ۔ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے ، جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا ۔
پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہر ممکن متاثرین کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے ۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے ۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ عمران نیازی کا اداروں کو بدنام کرنا اور نفرت انگیز باتیں حد سے تجاوز کر رہی ہیں ۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عمران نیازی کا واضح ایجنڈا پاکستان کو تباہ اور کمزور کرنا ہے ، اس لیے وہ مسلح افواج اور قیادت پر زہریلے الزامات لگا رہا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف میرٹ پر لگنا چاہیے ۔ یہ لوگ اپنا آرمی چیف لگانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں ۔ نواز اور زرداری محب وطن اور مضبوط آرمی چیف کی تعیناتی نہیں چاہتے اسی لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں ۔