اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا اداروں کو بدنام کرنا اور نفرت انگیز باتیں حد سے تجاوز کر رہی ہیں ۔
اپنی ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی کا واضح ایجنڈا پاکستان کو تباہ اور کمزور کرنا ہے ، اس لیے وہ مسلح افواج اور قیادت پر زہریلے الزامات لگا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف میرٹ پر لگنا چاہیے ۔ یہ لوگ اپنا آرمی چیف لگانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں ۔ نواز اور زرداری محب وطن اور مضبوط آرمی چیف کی تعیناتی نہیں چاہتے اسی لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف اور زرداری کو این آر او دیا ۔ یہ ملک لوٹنے کے لیے اقتدار میں آتے ہیں اور جب مشکل وقت آتا ہے تو باہر چلے جاتے ہیں اور پھر این آر او کرکے واپس آجاتے ہیں ۔ آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے ۔