اسلام آباد: وطن کے سجیلے جوانوں کو پوری قوم اور نیو نیوز کا سلام، دشمن کے ناپاک ارادوں کو ملیا میٹ کرنے کا عہد، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ، ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے سے آج منایا جارہا ہے ۔
یوم دفاع و شہدا کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
غیور وبہادر قوم اورپاک فوج نے اپنے بزدل دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اس حملہ کو ناکام بنایا اور بھارت کو بین الاقوامی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی صرف یہی نہیں پھر پاکستان نے جوابی کارروائی کی۔ پاکستانی مسلح افواج نے اس کے فاضلکہ سیکٹر اور کشن گڑھ قلعہ پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ جنگ کے دوران بھارتی فوجیوں کو قیدی بنایا گیا اور جب 23 ستمبر 1965 کی صبح تین بجے فائر بندی ہوئی تو بھارت ک ا1617 مربع میل علاقہ پاکستانی فوج کے قبضے میں آ چکا تھا۔
اس سال یوم دفاع و شہدا کا موضوع ’’ہمارے شہدا، ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں کے تمام عزیز واقارب کو سلام ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی کی دعائیں کی جائیںگی۔
شہدا کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا۔
مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملی نغموں اور شہیدوں اور غازیوں کے اہل خانہ کے انٹرویوز پر مبنی خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔
پاک فضائیہ نے یوم دفاع اور شہداء کے سلسلے میں ایک نیا نغمہ جاری کیا ہے۔ پاک فضائیہ کے تعلقاتِ عامہ کے محکمے کے مطابق یہ نغمہ مشہور پاکستانی گلوکار علی ظفر نے گایا ہے۔