اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کوویڈ کی صورتحال میں قطر کی مدد کو سراہتے ہوئے امیر قطر سے گفتگو میں کہا کہ قطر حکومت کا دو لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی کوویڈ صورتحال میں دیکھ بھال قابل تعریف اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے اہم مفاد میں ہے کیونکہ یہ 40 سال کے تنازعہ اور عدم استحکام کے بعد افغانستان میں پائیدار امن قائم کرنے کا موقع ہے۔ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو میں مثبت کردار ادا کرے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ باہمی دلچسپی اورع لاقائی، بین الاقوامی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
امیر قطر سے پہلے وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے، صرف جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو تحفظ اور امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ولی عہد کو مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔