چین کا ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون مضبوط کرنے کا اظہار

10:13 PM, 5 Sep, 2021

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون مضبوط کرنے کا اظہار کیا ہے۔

چینی ریڈیو کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ گزشتہ ماہ چین ایران سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے سربراہان نے اپنی ٹیلی فونک بات چیت میں چین ایران تعلقات کے مستقبل کی ایک نئی سمت متعین کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین دونوں سربراہان کے مشترکہ اتفاقِ رائے کے حصول کی خاطر مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون و تبادلوں کو وسعت دینے، کثیر الجہتی کے مشترکہ فروغ اور دونوں ممالک کی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کے سلسلے میں ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون دونوں ممالک کے طویل مدتی مفاد میں ہے ۔ انہوں نے چین کی خود مختاری سے متعلقہ اہم معاملات پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ایران اور چین کے درمیان جامع سٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی ایرانی حکومت ایشیائی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو اولین ترجیح دیتی ہے اور چین اس پالیسی کے تحت ایک بڑا شراکت دار ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے انسدادکورونا وبا کے سلسلے میں ویکسینز کی ہنگامی فراہمی سمیت چین کے تعاون اور مدد کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں