وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

09:33 PM, 5 Sep, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور سعود ی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے، صرف جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو تحفظ اور امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ولی عہد کو مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں