والدین سکولز کی بندش نہیں چاہتے تو بچوں کی ویکسینشن کرائیں، وزیر تعلیم سندھ

05:35 PM, 5 Sep, 2021

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہاسکول بند نہ ہوں تو نویں سے بارھویں تک کے طلبا و طالبات کی ویکسینشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے تمام سکولوں میں ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں ںے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن اینڈ رجسٹریشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن سے زندگی معمول پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ والدین سے بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے رضامندی سرٹیفکیٹ لیے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ  تمام والدین تنظیم، نجی سکولز ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ نجی سکولز میں اساتذہ کی تنخواہیں بھی معلوم کی جائیں گی۔

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے واضح طور پر کہا کہ صوبے میں نجی سکولز کے اساتذہ کو تنخواہیں مزدور کی کم از کم مقررہ تنخواہ کے مساوی دینا ہو گی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے واضح طور پر کہا کہ نجی سکولز کو اس بات پہ بچوں کو نکالنے کی اجازت نہں دوں گا کہ ان کے والدین کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہو۔ نجی سکول والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دیں۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ قانون کے مطابق نجی تعلیمی اداروں میں سندھی زبان لازمی ہے اور نجی سکولوں کے اساتذہ کو سندھی پڑھانے کی ٹریننگ لینگویج اتھارٹی دے گی کیونکہ چاہتے ہیں کہ سندھی زبان سے ہم آہنگی پیدا ہو۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے کے مطابق کورونا وائرس کےپیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ بند کی گئی اور 4 ستمبر سے پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلہ ممنوع ہے۔پرائیویٹ گاڑیوں کو موٹروے پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔  اشیائےخوردونوش اور تیل سپلائی کی گاڑیاں بھی سفر کر سکیں گی، انہیں محدود عملے اور ایس اوپیز پر عمل درآمد سے سفر کی اجازت ہوگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر وے پر پابندی این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لگائی گئی ہے۔

این سی او سی نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے 24 شہروں میں نئی پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔این سی او سی کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت نئی پابندیاں منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک کے درمیانی عرصے میں نافذ رہیں گی۔ اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ منتخب اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور 24 شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر بھی پابندی ہوگی۔

این سی او سی نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور تمام تقاریب کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے اور شادی بیاہ کی تقاریب کو 300 افراد کی تعداد سے مشروط کردیا ہے۔ اس سلسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ شادی بیاہ کی تقاریب کا انعقاد صرف آؤٹ ڈور کیا جا سکے گا۔ 24 شہروں میں انڈور جم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جن اضلاع میں نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، لاہور، شیخوپورہ، بھکر، خانیوال، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل ہیں۔

پابندی والے اضلاع میں ہری پور، مالا کنڈ، مانسہرہ ، صوابی ، ڈی آئی خان ، سوات ، ایبٹ آباد اور پشاور بھی شامل ہیں

مزیدخبریں