بغداد: عراق میں وفاقی پولیس کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے صوبے کرکوک میں وفاقی پولیس کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس پر پولیس نے بھی سخت مزاحمت کی۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں وفاقی پولیس کے 13 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ مزید نفری طلب کی گئی تاہم حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو آنے والی سڑک کو بم دھماکوں سے تباہ کر دیا۔
حملہ آور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ عراقی پولیس کا اسلحہ اور جنگی ساز و سامان لے گئے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں داعش متحرک اور منظم ہے۔
خیال رہے کہ عراق میں اتحادی افواج نے داعش کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اب بھی دوردراز علاقوں میں جنگجو موجود ہیں اور شہر میں آکر کارروائیاں کرتے ہیں۔