بلاول نے جہانگیر ترین گروپ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے مخدوم خاندان کو ٹاسک سونپ دیا

12:55 PM, 5 Sep, 2021

ملتان: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا جنوبی پنجاب کا دورہ ، جہانگیر ترین گروپ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے بلاول بھٹو نے مخدوم خاندان کو ٹاسک سونپ دیا ۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ سے پی پی پی رہنماٶں نے رابطے بھی کیے ہیں ۔ گزشتہ روز دورہ ملتان کے دوران مختلف جماعتوں کے 3 رہنماٶں نے بلاول کے ساتھ ملاقات کرکے پارٹی میں شامل ہونے کی درخواست کی ۔ اس موقعہ پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام سے روزگار چھین لیا اگلی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی ۔

نیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دورہ جنوبی پنجاب میں وکٹیں گرانا شروع کر دیں ۔ ملتان میں قیام کے پہلے دن لیہ سے سابق وفاقی وزیر بہادر خان سیہڑ پی پی پی میں شامل ہو گئے جس کا باضابطہ اعلان لیہ میں 11 ستمبر کو کریں گے جبکہ ملتان سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ ہولڈر میاں مظہر عباس اور مظفرگڑھ سے ایم کیوایم کے ٹکٹ ہولڈر رانا امجد علی امجد بھی پی پی میں شامل ہو گئے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ سید یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے ۔

بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے بانی رہنما مرحوم مخدوم سید ناظم حسین شاہ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پر انہوں نے بانی رکن سید ناظم حسین شاہ اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے لواحقین سے تعزیت کی ۔

مزیدخبریں