لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت ، متاثرین سے اظہار ہمدردی ۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ امن وامان کی صورت حال کا خراب ہونا فکرمندی اور پریشانی کا باعث ہے ۔ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں مستونگ رڈو پر خود کش دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔ موٹر سائیکل سوار دہشت گرد نے خود کو ایف سی کی گاڑی سے ٹکرایا ۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور کا سر اور جسمانی اعضا مل گئے ، مزید شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو شیخ زید اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
ادھر ، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کو بھر پور طبی امداد دینے کی ہدایت کر دی ۔