کبھی ڈیل نہیں کرونگا ،قانونی جنگ لڑوں گا :نواز شریف

07:12 PM, 5 Sep, 2019

لاہور:تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ڈیل سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کبھی بھی ڈیل نہیں کرونگا ۔

تفصیلات کے مطابق اہل خانہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا اپنے لیے قانونی جنگ ہی لڑوں گا ،ووٹ کو عزت دو کے بیانئے پر قائم ہوں ،سابق وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے ،ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے بہت جلد عوام سے این آر او مانگیں گے یہ ہی عوام موجودہ حکومت کا احتساب کرینگے ۔

نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا جموں کشمیر کے حالات پر دنیا کو جاگناہوگا ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کر رہا ہے، دنیا آگے بڑھ کر اس مسئلے کو حل کروائے،اہل خانہ نے نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی جبکہ نواز شریف نے بھی اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ،نیب کیسز سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں شریک ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کا طبی معائنہ بھی کیا۔نواز شریف اورشریف خاندان سے اظہاریکجہتی کے لئے جیل کے باہر موجود کارکنان قیادت کے حق میں اور حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔

مزیدخبریں