کابل: افغان دارالحکومت میں ہونے والے خودکش کار بم دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔افغان خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں جمعرات کے روز صبح 10 بجے کے قریب افغان خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے دفتر کے قریب چیک پوائنٹ پر کار سوار خودکش بمبار نے دھماکا کیا۔
دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ 40 سے زائد زخمی ہیں تاہم افغان حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہدف این ڈی ایس کے دفتر میں داخل ہونے والا غیر ملکی فورسز کا قافلہ تھا۔
واضح رہے کہ تین ستمبر کو بھی افغان دارالحکومت کابل میں ایک کار سوار خودکش بمبار نے دھماکا کیا تھا جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے جب کہ اس حملے کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی تھی۔